نئی دہلی:29/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مظفر پور شیلٹر ہوم کیس کی ملزمہ بہار کی سابق سماجی بہبود وزیر منجو ورما نے سپریم کورٹ میں داخل پیشگی ضمانت کی درخواست جمعرات کو واپس لے لی۔منجو ورما کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے سرینڈرکردیا ہے، لہذا درخواست نہیں سنی جائے۔اس کے بعد عدالت نے درخواست واپس لینے کی اجازت دی۔آرمس ایکٹ کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لئے منجو ورما نے ایک پیشگی ضمانت درخواست دی تھی۔بتا دیں کہ پچھلی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو بہار کی سابق وزیر منجو ورما کو گرفتار نہ کرنے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے جم کر پھٹکار لگائی تھی۔بہار حکومت نے کہا تھا کہ وہ سابق وزیر کو تلاش کرنے میں ناکام رہی،اس کے بعد سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ریاست میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔بتا دیں کہ اس معاملے میں پٹنہ ہائی کورٹ نے 9اکتوبر کو منجو ورما کی پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔اس کے بعد سپریم کورٹ میں درخواست دی گئی تھی،بعد میں منجو ورما نے یکم نومبر کو بہار کے بیگوسرائے میں ایک عدالت میں سرینڈر کیا۔مظفر پورشیلٹرہوم میں الزام کے بعد منجو ورما کو عہدے سے استعفی دینا پڑا تھا۔سپریم کورٹ کے دباؤ کے بعد منجو ورما کے شوہر کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔بدھ کو سپریم کورٹ نے شیلٹر ہوم مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے بہار کے تمام شیلٹر ہوم کے 17معاملات کی تفتیش سی بی آئی کو سونپ دی۔سی بی آئی پہلے ہی مظفر پور کیس کی جانچ کررہی ہے ۔اس معاملے میں سپریم کورٹ نے بہار حکومت سے کہا کہ اگر آپ نے صحیح کام کیاہوتا تو یہ نوبت نہیں آتی۔غور طلب ہے کہ مظفر پورشیلٹرہوم میں 34لڑکیوں کے جنسی استحصال کی تفتیش کر رہی سی بی آئی نے منجو ورما کے چیریا بریارپور تھانہ تحت ارجن ٹولا واقع رہائش گاہ پر گزشتہ 17اگست کو چھاپہ ماری کی تھی۔اس دوران ان کے گھر سے 50کارتوس برآمد ہوئے۔اس معاملے میں سی بی آئی کے ڈی ایس پی امیش کمار کی درخواست پر چیریا بریارپور تھانہ میں سابق وزیر منجو ورما اور ان کے شوہر چندرشیکھر ورما کے خلاف دفعہ25( 1)اے، 26اور 35کے تحت سانحہ نمبر 143/18درج کی گئی تھی۔اس معاملے میں چندر شیکھر ورما نے 29اکتوبر کو عدالت میں سرینڈر کر دیا تھا، لیکن منجو ورما فرار تھیں۔